افغانستان سے پاک فوج پر ایک اور حملہ، 2 فوجی جوان شہید
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) افغان سرزمین سے پاکستانی سیکیورٹی فورسز پر حملوں کا سلسلہ نہ رک سکا، افغانستان سے دہشت گردوں کی سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کرم کے علاقے میں افغان دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد پر باڑ عبور کرنے کی کوشش کی۔ پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے سرحدی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کرم کے رہائشی 24 سالہ لانس نائیک اسد اور لکی مروت کے رہائشی 21 سالہ سپاہی آصف شہید ہوگئے۔
یہ خبر بھی پڑھیں کشمیری دنیا کے تمام آزادی پسند لوگوں کے لیے مشعل راہ ہیں، وزیراعظم
واضح رہے کہ افغان طالبان کی عبوری حکومت آنے کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ افغانستان سے پاکستانی سرحد پر موجود سیکیورٹی فورسز پر حملے اب ختم ہوجائیں گے تاہم حملوں سلسلہ اب تک جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغان عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ آئندہ پاکستان کے خلاف اس طرح کی کارروائیوں کی اجازت نہ دے۔
پاک فوج دہشت گردی کے خطرے سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کےلیے پرعزم ہے اور اپنے بہادر جوانوں کی شہادت اس کے عزم کو مزید پختہ کرے گی۔