اسلام آباد، تہران، استنبول ٹرین سروس 4 ہفتوں میں شروع ہوجائے گی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ استنبول، تہران اور اسلام آباد میں مال بردار ٹرین 2 سے 4 ہفتوں میں آپریشن کا آغاز کر دے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہر چیز ٹیکنالوجی پر آئے گی تب ہی ریلوے ترقی کرے گی، اسی غرض سے ٹکٹنگ نظام کو بھی ٹیکنالوجی سے منسلک کیا جائے گا۔ ریلوے کی ترقی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سے مشروط ہے، کارکردگی اور سہولیات میں بہتری لانے کی غرض سے ٹرینوں کو آؤٹ سورس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مسافروں کو دوران سفر پیزا بھی ملے گا اور لاہوری تکہ بھی۔
یہ خبر بھی پڑھیں کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کیلیے زمانہ امن میں حقیقی تربیت لازمی ہے، آرمی چیف
وزیر ریلوے نے کاروباری حضرات کو میدان میں آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مال بردار اور مسافر کوچز آؤٹ سورس کرنے کیلئے تیار ہے۔
ایک سوال میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ استنبول، تہران اور اسلام آباد میں مال بردار ٹرین 2 سے 4 ہفتوں میں آپریشن کا آغاز کر دے گی اس کے بعد مسافر ٹرین کا منصوبہ بھی فعال کر دیا جائے گا۔
اس حوالے سے ٹریک کا مسئلہ تھا جسے حل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس روٹ پر جہاں مال برداری کا کام زیادہ ہے وہیں مسافروں کی آمدورفت بھی کافی ہے جس کا فائدہ پاکستانی عوام کو بھی ہوگا۔