
ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا پہلا نتیجہ، ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس اہلکار شہید
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ویکسی نیشن ورکرز کی سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق ویکسی نیشن مہم کے ترجمان ایمل خان نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ پولیو کے خلاف پانچ روزہ مہم کے دوسرے روز پیش آیا۔
ویکسی نیشن مہم کے تحت صوبے کے تقریباً 65 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔
پولیس افسر سجاد احمد نے کہا کہ موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے چداراہ علاقے میں پولیو ورکرز کو سیکیورٹی فراہم کرنے والی پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جس سے ایک کانسٹیبل موقع پر ہی شہید ہوگیا، جبکہ فرنٹیئر کانسٹبلری افسر شدید زخمی ہوا۔
تاہم ویکسی نیشن ٹیم کے اراکین کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان محمد خراسانی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔
واضح رہے کہ جمعرات کو ٹی ٹی پی کی جانب سے حکومت کے ساتھ ایک ماہ کی جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پہلا حملہ ہے۔
حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان امن مذاکرات کے بعد نومبر میں ایک ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ دہشت گرد اکثر پولیو ٹیموں اور ان کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں کو ہدف بناتے ہیں۔