دہشت گردوں، ان کے معاونین اور ساتھیوں کی باقیات کو ختم کر دیں گے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں اور ان کے معاونین اور ساتھیوں کی باقیات کو ختم کر دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 247ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی، جس میں ملکی سکیورٹی کی صورت حال بالخصوص بلوچستان میں حالیہ واقعات پر جامع بریفنگ دی گئی اور شرکاء کو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مخالفانہ کوششوں کا مقابلہ کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں افغانستان سے فائرنگ، پاک فوج کے پانچ جوان شہید ہوگئے
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں کو بہادری سے پسپا کرتے ہوئے ملک کے دفاع کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور انہیں بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔
سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک طویل سفر طے کیا ہے، مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے ہر رنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے، امن بحالی کے لیے کی گئی کوششوں کو دشمن کے ہاتھوں سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے، اور ہم دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ساتھیوں کی باقیات کو ختم کر دیں گے۔