
مجلس علماء امامیہ پاکستان کی طرف سے استقبالِ رمضان کانفرنس کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس علماء امامیہ پاکستان کی طرف سے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر زون کی سطح پر استقبال رمضان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سرگودھا، چنیوٹ، منڈی بہاوالدین اور خوشاب اضلاع کے مبلغینِ امامیہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا رمضان المبارک ضیافت الٰہی کا مہینہ ہے اس میں بھرپور تیاری کے ساتھ داخل ہونا چاہیے۔ مقررین نے کہا دین مبین اسلام میں مبلغین کا بہت بڑا مقام ہے۔ جتنا مقام بلند ہے اتنی ہی ذمہ داری بھی سنگین ہے۔
مقررین کا کہنا تھا تبلیغ و اشاعت دین کے لیے رمضان کا مہینہ عظیم فرصت ہے کہ جب لوگوں کے دل وعظ و نصیحت سننے اور الہی پیغام کو سننے سمجھنے کے لیے آمادہ ہوتے ہیں۔ مقررین نے مبلغین امامیہ کو اس فرصت کو مغتنم شمار کرتے ہوئے اس مہینے میں تبلیغ دین کے وظیفے سے بطور احسن عہدہ برآں ہونے کی تاکید کی۔
یہ خبر بھی پڑھیں اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کے درمیان اختلاف و انتشار کو ہوا دے رہی ہیں
استقبال رمضان کانفرنس میں مقررین نے رویت ہلال اور متنازعہ نصاب تعلیم کے موضوع پربھی گفتگو کی اور مبلغین امامیہ کو اس امر سے آگاہ کیا گیا کہ نیا متنازعہ یکساں نصاب کس طرح آئینی ومذہبی آزادیوں پر قدغن لگاتا اور مذہبی رواداری کے ماحول کو ٹھیس پہنچانے کا باعث بن سکتا ہے۔
کانفرنس میں شریک تمام مقررین اور مبلغین امامیہ نے متنازعہ نصاب کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نصاب کے حوالے سے شیعہ اکابرین کے تحفظات کو جلد سے جلد دور کریں اور نصاب تعلیم میں شیعہ بچوں کو ان کے اپنے عقیدے اور فقہ و حدیث کے مطابق تعلیم دینے کو یقینی بنایا جائے۔
کانفرنس کے اختتام پر مجلس علماء امامیہ پاکستان کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی طرف سے تمام شرکائے کانفرنس کا شکریہ ادا کیا گیا اور مبلغین امامیہ کی دین کی اشاعت و ترویج کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے نصاب اور دیگر اجتماعی و ملی مسائل میں علماء کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کسی بھی لائحہ عمل کے اعلان کی صورت میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔