روس اور یوکرین کے مابین قیدیوں کاتبادلہ، روسی بحری جہاز تباہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) یوکرین کے وزیر اعظم «ایرینا ورشوک» نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے مابین قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یوکرین کے وزیراعظم «ایرینا ورشوک» نے اپنے فیس بک اکاونٹ میں لکھا ہے کہ روس کے 10 قیدیوں کے بدلے ہم نے اپنے 10 قیدی روس سے لئے ہیں۔ یہ جنگی قیدیوں کے تبادلے کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل روس اور یوکرین کے مابین جنگ بندی کیلئے کئی دور کے مذاکرات کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔
دوسری جانب یوکرین نے دعوی کیا ہے کہ روس کے ایک جنگی بحری جہاز کو تباہ کر دیا جبکہ 2 جہازوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
یوکرین کی وزارت دفاع نے بیان میں کہا ہے کہ روس کے زیرقبضہ شہر برجیزکی بندرگاہ پر روسی جنگی جہاز کو تباہ کردیا گیا جبکہ دیگر 2 جہازوں کونقصان پہنچا۔
یوکرینی فوج کے جہاز کو نشانہ بنانے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی۔ یوکرین کی ڈپٹی وزیر دفاع نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ روس کے بڑے ہدف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ جس روسی جہاز کونشانہ بنایا گیا اس میں 20 ٹینکس، 45 بکتربند گاڑیاں اور400 فوجیوں کی گنجائش تھی۔
روس نے جہاز کی تباہی کے بارے میں کوئی ردعمل نہیں دیا۔