تین ملکوں نے روس سے گیس کی درآمد روک دی
لٹویا کی کونیکسس بالٹک گرڈ کمپنی کا کہنا ہے کہ اپریل کے آغاز سے ، لیٹویا، اسٹونیا اور لیتھوانیا کے لیے روس سے گیس حاصل نہیں کی جارہی۔ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اگر ہم فیصلہ کرسکتے ہیں تو یورپ کے دیگر ممالک بھی ایسا کرسکتے ہیں۔
امریکہ نے جنگ یوکرین کے آغاز میں روسی گیس کی درآمدات پر پابندی عائد کردی تھی۔ تاہم یورپی یونین نے ایسا کرنے سے انکار کردیا تھا۔ یورپ اپنی ضرورت کی چالیس فیصد گیس روس سے حاصل کرتا آیا ہے۔
ادھر روسی حکومت نے جمعرات کو ایک اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں غیر دوست ممالک سے کہا گیا تھا کہ وہ توانائی کے مد میں کی جانے والی ادائیگی روسی کرنسی میں کرنے کے پابند ہیں ۔ روس نے یہ اقدام اپنی کرنسی کو مضبوط بنانے کی غرض کیا ہے جو اقتصادی توازن کو ماسکو کے حق میں تبدیل کرسکتا ہے۔
جرمنی جو روسی گیس پر انحصار کرنے والا یورپ کا سب سے بڑا ملک ہے، تاحال روسی کرنسی میں ادائیگی سے گریزاں ہے۔