یاسین ملک کی سزا کیخلاف شیعہ علماء کونسل کا کراچی میں احتجاجی مظاہرہ
شیعہ نیوز: بھارتی کٹھ پتلی عدالت کی جانب سے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو دی جانے والی سزا کے خلاف شیعہ علماء کونسل کی جانب سے خوجہ اثناعشری مسجد کھارادر کراچی کے باہر احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایس یو سی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی نے حریت رہنما یاسین ملک کی سزا کے غیر منصفانہ فیصلے کو امت مسلمہ کی غیرت کے لئے چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت خام خیالی میں مبتلا ہے کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کے لئے یہ بزدلانہ کوشش کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگی، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آئینی وقانونی جدوجہد کے علمبردار یاسین ملک کے خلاف نام نہاد کاروائی کرتے ہوئے جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا، اسی مقدمے میں بغیر ثبوت غیر قانونی فیصلہ دیا گیا جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
علامہ ناظر عباس تقوی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی جبر اور مودی سرکار کا سفاک چہرہ اب پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، مودی سرکار نے تین سال سے حریت رہنما کو بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید کرکے ظلم کی نئی تاریخ رقم کردی ہے، پاکستان اور پوری دنیا کے مسلمان کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، عالمی انسانی حقوق کے ادارے بھارت کے سفاکانہ رویے کا فی الفور نوٹس لیں، اسلامی تنظیم او آئی سی نے بھی جو بھی کردار ادا کرنا چاہیئے تھا اس کا پانچ فیصد کردار بھی ادا نہیں کیا، اس ظلم و بربریت پر انسانی حقوق کا نام لینے والی تنظیمیں مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، ہم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔