
اسلام کے علاوہ کوئی بھی دین قبول نہیں کیا جائیگا، علامہ ریاض نجفی
شیعہ نیوز:وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے واضح کیا ہے کہ اصل دین قرآن مجید یعنی اسلام ہے، اسلام کے علاوہ کوئی بھی دین قبول نہیں کیا جائے گا، اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہم نے قرآن کو اس لئے نازل فرمایا تاکہ لوگوں کو تاریکیوں سے نکال کر نور کی طرف لے جائے۔ رسول اللہ اس دین و قرآن کے مفسر، مبین اور شارح ہیں۔ اللہ کے رسول نے فرمایا میں تمھارے درمیان دو گراں چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں، ایک اللہ کی کتاب کہ جو ثقل اکبر ہے اور دوسری میری عترت اور اہل بیت ثقل اصغر ہیں، جو ان سے تمسک کرے گا، وہ کبھی بھی گمراہ نہیں ہوگا۔جس طرح اصل دین قرآن ہے اسی طرح اس رسول اللہ کی رسالت اور آئمہ ھدیٰ کی امامت بھی اصل دین ہے، لیکن انبیاء اور اولیاء الہیٰ یہ سب اس قرآن کے مبلغ، مفسر اور شارح ہیں۔ اصل یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جن کو ہادی بنا کر بھیجا ہے، انہی کی ہدایت کے مطابق انسان کو زندگی گزارنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انبیاء، اولیاء اور آئمہ اہل بیت کو اپنا ہادی بنا کر بھیجا ہے۔ لہٰذا للہ تعالیٰ نے خود ان پانچوں مقدس اور معصوم ہستیوں کو مقتدا اور ہادی بنا کر بھیجا ہے۔ اگر ان کی خلاف ورزی ہوگی، یہ ہمارا دین نہیں ہوگا، یہ اللہ کا دین نہیں ہوسکتا۔ جو کوئی ان کی اطاعت کرے گا اور ان کے احکام پر عمل کرتے ہوئے حج، زکوٰة اور خمس کا پابند ہوگا، وہ برائیوں سے محفوظ ہو جائے گا اور نیکیاں بجا لائے گا۔ جامع مسجد علی جامعة المنتظر میں خطبہ جمع دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے، جو ایک نیکی لائے تو اس کیلئے اس جیسی دس نیکیاں ہیں اور جو کوئی برائی لائے تو اسے صرف اتنا ہی بدلہ دیا جائے گا اور ان پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔ اگر انسان بغیر خلوص کے بھی نیکی کرتا ہے، اللہ سبحانہ و تعالیٰ اسے ایک کے بدلے دس نیکیاں عطا کرتا ہے اور اگر وہ خلوص کیساتھ نیکی انجام دیتا ہے تو اللہ تعالی ٰ اسے اس کے خلوص کی وجہ سے ہزاروں بلکہ لاکھوں تک نیکیاں عطا کرتا ہے۔ لیکن اگر وہ غلطی کرتا ہے تو اسے اس کے مطابق سزا ملے گی۔