داعش کے حملے میں تین عراقی جاں بحق
شیعہ نیوز:موازین نیوز کے مطابق عراق کے ایک باخبر سکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ جمعرات کی شب صوبے دیالیٰ میں حمرین کی پہاڑیوں پر داعش نے حملہ کیا جس میں ایک ہی کنبے کے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔
مذکورہ ذریعے کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے اس واقعے کے بعد علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
عراق کے اعلام الامنی ادارے کے مطابق گزشتہ مہینے داعش کے چھے ٹھکانوں کو تباہ کیا گیا تھا۔عراق کی وزارت داخلہ سے وابستہ ریپڈ ایکشن فورس نے فضائیہ کی مدد سے ایک وسیع آپریشن انجام دے کر صوبے صلاح الدین کے مشرقی علاقے وادی المحاسن کو دہشتگردوں کے وجود سے پاک کر دیا جس کے دوران داعش کے چھے ٹھکانوں کا پتہ لگا کر انہیں تباہ کر دیا گیا تھا اور وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، مواصلاتی وسائل، دھماکہ خیز مادہ اور کھانے پینے کے سامان کا بڑا اسٹاک برآمد ہوا تھا۔
خیال رہے کہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر جہاں عراق میں روپوش دہشتگرد عناصر نے تخریبی و دہشتگردانہ کارروائیوں کی کوششیں تیز کر دی ہیں وہیں حکومت نے عراق کے مقدس شہروں منجملہ نجف اور کربلا میں سکیورٹی کے خاص انتظامات شروع کر دئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔