اخلاقی و اصلاحی اقدار کا رواج دین اسلام کا نصب العین ہے، علامہ علی رضا رضوی
شیعہ نیوز:معروف عالم دین و خطیبِ اہلبیتؑ علامہ سید علی رضا رضوی نے کہا ہے کہ اخلاقی و اصلاحی اقدار کا رواج دین اسلام کا نصب العین ہے، تمام معاملات میں اپنی ذات کو میزان قرار دے کر عدالت کو فروغ دیں۔ امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی کراچی میں عشرہ محرم الحرام کی ساتویں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی رضا رضوی نے کہا کہ اسلام کا ایک اخلاقی اصول جسے امام علی علیہ السلام نے اپنی وصیت میں امام حسنؑ سے بیان کیا کہ اے فرزند! اپنے اور دوسروں کے درمیان ہر معاملے میں اپنی ذات کو میزان قرار دو، جو اپنے لئے پسند کرتے ہو، وہی دوسروں کیلئے پسند کرو اور جسے اپنے لئے ناپسند قرار دیتے ہو اسے دوسرے کیلئے بھی ناپسند قرار دو اور جس طرح یہ چاہتے ہو کہ تمہارے ساتھ حسن سلوک ہو، ویسا ہی طریقہ دوسرے کے ساتھ اختیار کرو۔ علامہ علی رضا رضوی نے مزید کہا کہ عزاداران امام مظلومؑ اخلاقی و معاشرتی اقدار کو اس سے زیادہ مناسب اور آسان الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے۔
علامہ علی رضا رضوی نے کہا کہ امام عالی مقام امام حسینؑ نے دین اسلام کے ایک ایسے اہم اصول کی تعلیم اور نصیحت فرمائی کہ جس کے اختیار کر لینے سے معاشرے میں پائی جانے والی الجھنوں اور خرابیوں کا تدارک یقینی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بس ہمیں اسلام کی منطق کو سمجھنے کی ضرورت ہے، اسلامی تعلیمات حفظان صحت کی مانند ایک حقیقت اور ضرورت ہیں، ایک انسان دوسرے انسان کی جانب مسئول اور ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام فردی اور شخصی آزادی اور احترام کا قائل ہے، اس نے ہر فردِ واحد کیلئے آزادی اور احترام کا اصول وضع کیا ہے، تاکہ انسانی حیثیت کا احترام ہو اور معاشرے میں عدالت و انصاف کو رواج دیا جا سکے۔