ملتان، شیعہ علماء کونسل نے این اے 157 میں پیپلزپارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا
شیعہ نیوز:سابق وزیراعظم و پارلیمانی لیڈر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سب کو ملکی اداروں کا احترام کرنا چاہیئے، پی ٹی آئی نے امریکہ کے زریعے خاتمے کا بیانیہ گھڑا لیکن ہم ملکی ترقی اور پارلیمنٹ کی بالادستی چاہتے ہیں اور اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی نے اسرائیل سے بھی فنڈنگ لی، اسی لئے فارن فنڈنگ سے بنائی گئی پارٹی امپورٹڈ پارٹی نہیں ہوگی، پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف سے سخت معاہدوں کی وجہ سے قوم کو مہنگائی کا سامنا ہے، یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی ناقص پالیسی کی وجہ سے قوم مہنگائی بھگت رہی ہے، این اے 157 سے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار علی موسی گیلانی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مخزن العلوم کے سربراہ و شیعہ علما کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید تقی نقوی شاہ سے کی گئی ملاقات کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر علامہ سید تقی نقوی شاہ نے سید علی موسی گیلانی کی حمایت کا اعلان کیا، جبکہ اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی سید عبد القادر گیلانی، شاہد رضا صدیقی، مخدوم ظہور حسین شمسی، ڈاکٹر اطہر بھی موجود تھے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے تقدس کا خیال رکھنا ہے، ہم تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں، بے نظیر بھٹو شہید کا کیس سپریم کورٹ میں ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہونے کے باوجود ہم لوگ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں جبکہ شہید بے نظیر بھٹو، آصف علی زرداری عدالتوں میں پیش ہوئے، وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز بھی عدالتوں میں پیش ہوتے رہے، ہم اپنی روایات سے ہٹ کر کوئی بات نہیں کرتے، سب کو ملکی اداروں کا احترام کرنا چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ میں جانے سے صاف انکار کردیا جب اسمبلیوں میں انہوں نے نہیں جانا تو الیکشن کیوں لڑ رہے ہیں۔ عمران خان 9 سیٹوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں لیکن جیت کر استعفی دینے والے الیکشن لڑ کیوں رہے ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان نواز شریف، زرداری اور فضل الرحمان کا نام بگاڑتے ہیں اور ہم پڑوسیوں سمیت دنیا کے تمام ممالک سے اچھے روابط رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کو تنہا کر دیا تھا، تین سال میں دو بار عمران خان کے خلاف عدم اعتماد آیا، توشہ خانہ کا کیس میرے، آصف علی زرداری اور نواز شریف کے خلاف بھی ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی کی سیٹ ہماری سیٹ نہیں تھی پی ٹی آئی کراچی میں اپنی سیٹ جیتی ہے، پنجاب میں پی ٹی آئی اپنی 20 میں سے 5 سیٹیں ہاری، انہوں نے کہا کہ ہم نے میڈیا پر قدغنوں کو ختم کیا اور ہم نے معلومات تک رسائی کا قانون بنایا۔ اس موقع پر علامہ سید تقی نقوی نے کہا کہ حلقہ کی عوام کو چاہیئے کہ وہ این اے 157کے امیدوار سید علی موسی گیلانی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں۔