اربعین حسینی میں زائرین کی کاونٹنگ کیسے ہوتی ہے؟
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عتبات عالیہ ادارے نے اپنے ایک بیان میں کربلا کے داخلی راستوں پر نصب الیکٹرانک گنتی کے نظام کی بنیاد پر اس سال کے اربعین زائرین کی صحیح تعداد کا اعلان کیا۔
فارس خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حرم حضرت عباس کے باضابطہ بیان کے مطابق اس سال اربعین حسینی کے زائرین کی تعداد 21 ملین سے زائد ہوگئی ہے۔
السومریہ نیوز کے مطابق روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے سیکرٹریٹ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ شہر کے داخلی راستوں پر نصب الیکٹرانک گنتی کے نظام کے مطابق اس سال کربلائے معلی میں زائرین کی تعداد 21 ملین 198 ہزار 640 تھی۔
آستان قدس حضرت عباس علیہ السلام کے بیان میں کربلائے معلی میں اربعین 1401 زائرین کی تعداد کا گزشتہ برسوں سے موازنہ کرنے کے لیے ایک جدول بھی موجود ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس سال زائرین کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔
اس سے پہلے حضرت عباس علیہ السلام کے روضے کی انتظامیہ نے اربعین کی تقریب میں شرکت کرنے والے جلوسوں کی تعداد 14500 بتائی تھی، جن میں سے 300 جلوس عرب اور بیرونی ممالک کے تھے۔
اس حوالے سے عراقی وزارت دفاع سے وابستہ "الاعلام الامنی” میڈیا گروپ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل "سعد معن” نے کہا کہ اس سال زائرین کی تعداد 2003 کے بعد سب سے زیادہ تھی۔