سیدہ فاطمہ زہراؑ کا گستاخ نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر بھر رہا ہے، شیعہ علماء کی نیوز کانفرنس
شیعہ نیوز: مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سینیئر نائب صدر علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے دیگر شیعہ جماعتوں کے رہنمائوں کے ہمراہ لاہور میں مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے دو ٹوک انداز میں فرمایا تھا کہ ریاست کو آپ کے مذہب سے سروکار نہیں، آپ سب آزاد ہیں، ہر کوئی اپنی مذہبی آزادی کیساتھ عبادات بجا لائے، لیکن بدقسمتی سے ہمارے ملک کو اشرافیہ نے قائداعظم محمد علی جناح کے دیئے ہوئے اصولوں سے ہٹا کر مسلکی مملکت بنانے کیلئے دہشتگرد پال کر قوم کی گردن پر مسلط کر دیئے، پاکستان بنانے کی مخالف قوتوں کو پاکستانیوں کے سر پر سوار کرکے ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں شہادتیں دینے کے بعد ملک امن کی آغوش میں آنے سے پہلے ہی ناامن کر دیا جاتا ہے۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ ذاکر اہلبیتؑ نوید عاشق بی اے کو دوران مجلس فائرنگ سے شہید کرنا پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر سوالیہ نشان ہے، ان کے بیگناہ قتل کی پُرزور مذمت کرتے ہیں، حکومت شہید کے قاتل کا جلد ٹرائل کرکے اور اس کے سہولت کاروں کو فی الفور گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ شہید کا قاتل فقط وہ ملعون نہیں جس نے گولی چلائی، شہید کے قتل پر جوڈیشل انکوائری مقرر کرکے حقائق سامنے لائے جائیں، ان تمام افراد کو کٹہرے میں لایا جائے، جنہوں نے ذہن سازی کی، نشانہ بازی کی تربیت دی، اسلحہ فراہم کیا، ہر سہولت کار قانون کے شکنجے میں آنا چاہیئے۔ سیالکوٹ سمیت ملک بھر میں انتہاء پسندوں کی دہشتگردانہ کارروائیوں کیخلاف پنجاب حکومت کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے، آج گجرات میں ایک نامور خطیب کو مجلسِ عزا سے خطاب کرنا تھا، شہر میں داخلہ پر پابندی لگا دی کہ ان پر ایف آئی آر ہے، یہ بھی قتل نہ ہو جائیں۔ لاقانونیت کی تمام حدیں پار کی جا رہی ہیں۔ ہم پاکستانی ہیں، ہمیں بھی جینے کا حق دیا جائے، قتل بھی ہم ہوتے ہیں، پابندی بھی ہمارے اوپر لگائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم گھر میں مجلس کروانا چاہیں تو ہمیں کہا جاتا ہے کہ اجازت لو۔ آئین پاکستان کی کس شق کے تحت ہم سے اجازت کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ پنجاب بھر میں اربعین کے جلوس میں منظم ہو کر شامل ہونے پر ایف آئی آرز درج کر لی جاتی ہیں۔ ہم اپنے پیشواؤں کی مشکلات و مصیبتوں اور ان پر ہونیوالے مظالم کا تذکرہ کسی کے مقدسات کا نام لئے بغیر کریں تو بھی ایف آئی آرز درج کر لی جاتی ہیں۔ فورتھ شیڈول، سولہ ایم پی او، سیون اے ٹی اے، پانچ منٹ مجلس و جلوس لیٹ ہونے پر لگا دی جاتی ہے۔ دوسری طرف سرعام خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی شان میں گستاخی کرنیوالا نہ صرف دندناتا پھرتا ہے بلکہ نوجوانوں کو ورغلا کر نفرت کے بیج بوتا پھرتا ہے۔ چند شرپسند امن کا کھلواڑ کرتے ہیں اور ادارے آڈیو لیکس بناننے اور پھیلانے پر لگے ہیں۔ ہم سات کروڑ شیعیان حیدر کرار پاکستان میں بستے ہیں۔ ہمارے صبر کا اور کتنا امتحان لیا جائے گا، بس کر دو! خدا کے لیے دہشت گرد بنانا اور پالنا بند کریں۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ جو دہشت گردوں کی پشت پناہی میں شہرت رکھتا ہے، اس کے وزیر داخلہ بنتے ہی پنجاب میں قتل و غارت گری شروع ہو جاتی ہے، وفاقی حکومت کے مشیر عطا تارڑ کالعدم جماعتوں کے دفاتر جا کر ان کو شہہ دیتے ہیں۔ گورنر پنجاب جھنگ میں کالعدم جماعت کے دفتر جاتے ہیں اور ان کی پشت پناہی کرتے ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے ادارے ان شرپسندوں کی پس پردہ پشت پناہی کرتے ہے، جس کی زندہ مثال ایام عزا بالخصوص چہلم امام حسین علیہ السلام کے پُرامن شرکاء پر پنجاب بھر میں درجنوں غیر قانونی ایف آئی آرز کا اندراج ہے۔ ہم پنجاب حکومت کی منافقانہ پالیسی کی مذمت کرتے ہیں اور متنبہ کرتے ہیں کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم بلوچستان کی طرح آپ کی بھی حکومت کو پورے ملک کیلئے ایک مثال بنا دیں۔ بروز منگل شہید کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ مرغزار کالونی سے اٹھایا جائے گا، ان کی نماز جنازہ تقریباً 12:30 بجے دن گورنر ہاؤس کے سامنے ادا کی جائے گی، ان کی تدفین مومن پورہ قبرستان لاہور میں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور انتظامیہ، تمام متعلقہ اداروں سے گزارش ہے کہ سکیورٹی و دیگر انتظامات میں تعاون کریں۔ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان شہید کے نماز جنازہ میں کیا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں علامہ محمد باقر گھلو وفاق المدارس شیعہ پاکستان، علامہ کرامت عباس حیدری چیئرمین خطباء و ذاکرین کونسل پاکستان، ممتاز خطیب علامہ گلفام حسین ہاشمی، علامہ وقار الحسنین نقوی مرکزی کنوینر شیعہ شہریان پاکستان، پیر سید نوبہار شاہ، چیئرمین شیعہ پولٹیکل پارٹی پاکستان، سید حسن رضا کاظمی صوبائی رہنماء ایم ڈبلیو ایم پنجاب، علامہ امتیاز عباس کاظمی، امام جمعہ سمن آباد لاہور، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی امام جمعہ بحریہ ٹاؤن لاہور، سیٹھ عدنان حیدر رہنماء ایم ڈبلیو ایم، خرم نقوی رہنماء ایم ڈبلیو ایم، امیر عباس مرزا رہنماء ایم ڈبلیو ایم، نجم عباس خان صدر ایم ڈبلیو ایم لاہور، قاسم علی قاسمی صدر شیعہ علماء کونسل لاہور ڈویژن، حیدر ثقفی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن لاہور ڈویژن، چودھری صغیر ورک چیئرمین تحفظ عزاء کونسل پنجاب، ملک امیر مختار، قمر عباس جدون و دیگر بھی موجود تھے۔