پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

خالق کائنات خود سید المرسلین کا سیرت نگار ہے، علامہ مرید نقوی

شیعہ نیوز:وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے کہا ہے کہ ربیع الاول وحدت و اتحاد کا مہینہ ہے، جس میں سرور کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور چھٹے تاجدار امامت حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کا یوم ولادت ہے، جسے ہفتہ وحدت کے تحت مسلمان 12 ربیع الاول سے17 ربیع الاول تک مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سیرت طیبہ کو عام انسان کیا لکھے گا، حضور کی سیرت کو اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں خود تحریر کر دیا ہے، یعنی خالق کائنات سرور کائنات کا خود سیرت نگار ہے، جس نے کلام الٰہی قرآن مجید میں سید المرسلین کا مختلف انداز سے تذکرہ فرمایا ہے۔ قرآن نے کہا محمد مصطفی رحمت للعالمین خلق عظیم کے مالک اور شافعی محشر ہیں۔ کائنات کو اللہ تعالیٰ نے رسول خدا کیلئے خلق کیا۔ حضور نے اللہ سے کبھی نہیں مانگا اللہ نے انہیں خود عطا کیا اور جو مانگا بھی تو خود خدا نے مانگنے کا کہا جیسے قل رب زدنی علما ً ، اے رسول کہہ دیجئے ! میرے علم میں اضافہ فرما۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیٹ رپورٹرز کے اعزاز میں ظہرانے کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا لعل خان توحیدی، مولانا غلام شبیر، مولانا مختار جعفری، مولانا زاہد کاظم اور دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ مرید نقوی نے جامعةالمنتظر اور وفاق المدارس کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ 1954ء میں حسینیہ ہال موچی گیٹ اور پھر دارالشریعہ وسن پورہ میں کرائے کے مکان سے شروع ہونیوالا جامعة المنتظر 1969ء میں ماڈل ٹاون لاہور میں منتقل ہوا۔ بانی صدر محسن ملت علامہ صفدر حسین نجفی کی کاوشوں سے 1979ء میں قائم ہونیوالے وفاق المدارس کے ساتھ 540 سے زائد دینی مدارس ملحق ہیں۔ علامہ مرید نقوی نے کہا جامعتہ المنتظر تمام شیعہ تحریکوں اور تنظیموں کا مرکز رہا ہے۔ جامعتہ المنتظر کا دین پھیلانے میں اہم کردار ہے۔ المنتظر ریلیف پاکستان کے زیراہتمام بلا تفریق مذہب و مسلک خیبر پختونخوا ،سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے میں اہلسنت مسجد کی تعمیر میں جامعتہ المنتظر معاونت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جامعة المنتظر کی امریکہ، برطانیہ، ڈنمارک، سویڈن، ایران اور عراق میں بین الاقوامی شاخیں موجود ہیں۔ مولانا اختر عباس مرحوم نے جامعہ کی تشکیل کی۔ پاکستان میں مولانا گلاب علی شاہ اور مولانا محمد یار شاہ کے شاگرد پاکستان میں دینی تبلیغات میں مصروف ہیں۔ پاکستان میں کوئی شیعہ مدرسہ نہیں جہاں پر جامعتہ المنتظر کا فارغ التحصیل عالم دین یا ان کا شاگرد نہ ہو۔جامعہ نے اتحاد بین المسلمین کے لئے بہت کام کیا۔ اتحاد تنظیمات مدارس اور تقریب بین المذاہب کے اجلا س بھی یہاں منعقد ہوتے رہے ہیں۔جن میں اسلامی مکاتب فکر کیساتھ غیر مسلم مذاہب کے رہنما بھی شریک ہوتے رہے ہیں۔ جب لوگ خوفزدہ تھے اورمیت کے قریب نہیں جاتے تھے، کورونا کے دوران مرحوم علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے جامعتہ المنتظر میں غسل میت کا اہتمام کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button