پاکستانی شیعہ خبریں

سیدالمرسلین نے توحید کی تبلیغ کیلئے مشکلات برداشت کیں، مولانا تطہیر زیدی

شیعہ نیوز:جامع علی مسجد جامعة المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے مولانا سید تطہیر حسین زیدی نے کہا ہے کہ سیدالمرسلین نے توحید کی تبلیغ کیلئے مشکلات برداشت کیں۔ جنگیں کیں اور صلح بھی کی، تاکہ اسلام اور مسلمین کی آبرو محفوظ رہے۔ انہوں نے کہ جب رسول اللہ کی ولادت ہوئی تو لوگ ستارہ پرستی، بت پرستی جیسے مختلف ادیان کی پیروی کر رہے تھے۔ ان کے پاس عبادت کیلئے 360 بت موجو د تھے۔ جن میں لات ،منات اور عزیٰ تین بڑے بت تھے۔ پیغمبر اسلام نے انہیں توحید کا درس دیا۔ جس کیلئے آپ کو تکلیفیں دی گئیں حتیٰ کہ آپ کو مدینہ کی طرف ہجرت کرنا پڑی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی کریم ﷺ ساری زندگی دین کی تبلیغ کرتے رہے۔ مختلف غزوات برپا ہوئے جبکہ حق کے راستے میں آپ نے مشرکین مکہ سے صلح بھی کی اور اپنے عمل سے ثابت کیا کہ اگر دین کی مصلحت ہو تو تلوار سے جہاد کریں اور اگر اسلام کی عزت کی خاطر مشرکین اور کفار سے صلح کرنی پڑے تو صلح کریں۔ البتہ اسلام کی عزت پائمال نہ ہو اور مسلمین کی جان و مال محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا چھٹے تاجدار امامت حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے مدینہ میں یونیورسٹی بنائی، جس میں مختلف ملکوں اور شہروں سے تشنگان علم نے مدینہ آکر اپنی علمی پیاس بجھائی۔ امام جعفر صادق ؑنے مسلمانوں اور بالخصوص اہل تشیع کی سوچ اور فکر پر کام کیا۔ آپ نے فرمایا عبادت صرف یہ نہیں کہ نماز پڑھ لو یا روزہ رکھ لو بلکہ حقیقی عبادت ”التفکر فی امراللہ“ ہے۔ یعنی ہم یہ دیکھیں گے کہ ہم نیکیاں کیوں سرانجام دیتے اور برائیاں کیوں کرتے ہیں؟ مذہب اہلبیت امام جعفر صادق کی طرف منسوب کرتے ہوئے مذہب جعفریہ کیوں کہا گیا؟ وہ اس لئے چونکہ امام جعفر صادق کو کچھ مدت کیلئے موقع ملا کہ وہ پوری دنیائے اسلام کو شریعت رسول کا تعارف کروا سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button