پاکستانی شیعہ خبریں

جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور میں بین الاقوامی محفل میلاد و حسن قرات

شیعہ نیوز:جامعہ عروة الوثقی لاہور میں ماہ میلاد النبی (ص) اور ہفتہ وحدت کی پر برکت مناسبت سے ایک عظیم الشان اور روحانی محفل میلاد و حسن قرات کا انعقاد ہوا جس میں بلا تفریق مسلک، کثیر تعداد میں فرزندانِ توحید نے شرکت کی اور قرآن مجید کی قرآت سے اپنے قلوب و اذہان کو منور کیا۔ اس نورانی محفل میں بین الاقوامی شہرت یافتہ قراء کرام جیسے پیش خوان و موذن حرم امام رضاؑ مشہد مقدس ایران استاد علی رضا رضائی، جمہوریہ مصر سے محمود کمال النجار، بنگلہ دیش سے احمد بن یوسف الازھری، فلپائن سے نعمان پمبایابایا، عراق سے گوران معروف عارف، تنزانیہ سے رجـــــــا ایـــــــوب نے خصوصی شرکت کی جبکہ سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت بابا فرید گنج شکر الحاج دیوان عثمان فرید چشتی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

اس موقع پر زعیم حوزہ علمیہ جامعہ عروۃ الوثقیٰ، علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ قرآن مجید کی قرائت ، قرآنی اخلاق سے آراستہ ہونے کا ذریعہ ہے۔ اسلامی معاشرے کی ثقافت اور تمدن کو قرآنی اخلاق اور آئمہ معصومین علیھم السلام کے دستورات کے مطابق ہونا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر دنیا کے اکثر لوگ مغربی ممالک کی پیروی کرتے اور مغربی ثقافت سے متاثر ہوتے ہیں تو یہ اس بات کی دلیل نہیں کہ اسلامی معاشرے کو بھی مغربی ثقافت سے متاثر کیا جائے، اسلامی معاشرے کو مغربی ثقافت پر نہیں بلکہ قرآنی ثقافت پر استوار ہونا چاہیے۔ انہوں نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ میں محفلِ انس با قرآن میں خصوصاً جوانوں کی شرکت کو ایک خوش آئند امر قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے ہر فرد کا قرآن مجید کے ساتھ رابطہ ہونا چاہیے کیونکہ قرآن مجید کی قرائت اور فہم، قرآن مجید میں تدبر اور غور و فکر کرنے کا مقدمہ ہے۔

سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ اسلامی فرقوں کے مابین قرآنی وحدت، ایک نئی اسلامی تہذیب کی تشکیل کا پہلا زینہ ہے۔ اسی وجہ سے علمائے کرام پر ضروری ہے کہ وہ مسلم اقوام کے اس معالجے کے بارے میں امت کے شعور میں اضافہ کریں اور وحدت کو اسلام ناب محمدی کے ایک ناقابل تردید اصول کے طور پر قبول کریں کیونکہ نئی اسلامی تہذیب کے حصول کا انحصار امت کے اتحاد و اتفاق پر ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button