
پاکستان ذمہ دار ملک ہے، امریکی صدر کی توہین آمیز تقریر کی مذمت کرتے ہیں، علامہ اسد اقبال زیدی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے پاکستان کے حوالے سے توہین آمیز تقریر اور غیر ذمہ دارانہ بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں، ہیڈ آف اسٹیٹ کی جانب سے اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ بلکہ مضحکہ خیز بیان قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے اپنی تقریر میں درست کہا کہ امریکہ کے پاس دنیا کو ایک ایسی جگہ لے جانے کی صلاحیت ہے جہاں وہ اس سے پہلے نہیں تھی، بلکہ امریکہ دنیا کو ایسی جگہ پہ لاچکا ہے کہ جہاں دنیا پہلے نہ تھی۔
علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا کہ امریکہ جو کہ خود ایٹمی ہتھیاروں کے ذریعہ لاکھوں انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اس ہی طرح لاکھوں کو ہمیشہ کیلئے معزور کرچکا ہے خود سب سے زیادہ غیر ذمہ دار اور سفاک مجرم ہے، امریکی جرائم کی فہرست طویل ترین ہے، دنیا ہیروشیما، ناگاساکی سمیت ویتنام، افغانستان، عراق، شام، لیبیا، یمن میں ڈھائے جانے والے مظالم کو بھولی نہیں، مسافر طیارے پر مزائل حملہ ہو یا غاصب صہیونی ریاست کی پشت پناہی یہ ایسے جرائم ہیں کہ جو دنیا کو تباہی کی جانب تیزی سے دھکیلنے کے مترادف ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بین الاقوامی ایجنسیاں تصدیق کرچکی ہیں کہ پاکستان کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم محفوط ہاتھوں میں ہے نیز پاکستان ایٹمی ری ایکٹر اور ہتھیاروں کے حوالے سے بین الاقوامی ایجنسیوں اور آئی اے ای اے کے ساتھ مکمل تعاون کرتا چلا آیا ہے جبکہ فلسطین پر غاصب صہیونی ریاست ہمیشہ اس حوالے سے ٹال مٹول سے کام لیتی چلی آئی ہے، دنیا کو سب سے زیادہ خطرہ فلسطین پر قابض غاصب صہیونی دہشتگرد ریاست سے ہے جو بڑے پیمانے پر ایٹمی ہتھیاروں کا زخیرہ رکھتی ہے اور امریکہ اس اسرائیل نامی دہشتگرد و غاصب صہیونی ریاست کا پشت پناہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ مفاد پرست ہے جسے اپنے مفادات عزیز ہیں، امریکہ نہ پہلے کبھی پاکستان کا دوست تھا اور نہ آئندہ ہوسکتا ہے، امریکہ نے ہمیشہ خطے میں اپنے مفادات کے حصول کی خاطر پاکستان کو استعمال کرنے کی کوشش کی اور ہمارے غلام ذہن حکمران ہمیشہ ان پرانے شکاریوں کا شکار بنتے چلے گئے، یہ وقت امریکی غلامی سے آزادی کا وقت ہے، حکمرانوں کو چاہیئے کہ آزاد و خودمختار خارجہ پالیسی اختیار کریں، پاکستانی مضبوط، مستحکم اور توانا ہیں، بطور قوم ہم ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کرتے چلے آئے ہیں اور مستقبل میں بھی وطن عزیز کا دفاع کرتے رہیں گے۔