
کراچی میں ترقی و عوامی سہولیات کی فراہمی وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، علامہ باقر زیدی
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ شہر کی ترقی و عوامی سہولیات کی فراہمی وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے، شہر قائد بنیادی سہولیات سے محروم اشیاء خوردونوش کی فراہمی میں کمی، پانی، گیس، بجلی سمیت دیگر بحرانوں کا شکار ہے، دہشتگردی اور کرپشن نے ملکی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے، ملک و قوم کو نقصان پہچانے والوں کو قانون کی گرفت میں لیا جائے، شہر میں پانی و بجلی بحران نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، پڑھی لکھی قوم کو پینے کا صاف پانی بھی میّسر نہیں، سندھ حکومت ٹینکرز مافیا کے ہاتھوں یرغمالی کا ڈرامہ بھی بند کردے، عوام کو بوندھ بوندھ پانی سے محروم کرنے والے بھی اسی حکومت کے وزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے خودساختہ بحرانوں میں ملوث مافیاز کا خاتمہ کیا جائے، شہریوں کے مسائل صرف تجاوزات کےخاتمہ سے حل نہیں ہوں گے بلکہ مہنگائی، بے روزگاری، پانی، گیس، بجلی سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی پر حکومت کو توجہ دینی ہوگی، صوبہ سندھ کے دیگر نامکمل منصوبوں کی طرح کے فور منصوبہ تاحال تاخیر کا شکار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں ٹینکرز مافیا کا راج ہے، پانی کے مصنوعی بحران کا فائدہ کروڑوں روپے روزانہ کی بنیاد پر شہر میں ٹینکرز مافیا اٹھا رہی ہے اور اسے کوئی روکنے والا نہیں، سندھ حکومت نے شہر کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے دیگر صوبوں اور شہروں کی طرح کراچی کی عوام کو بھی ان کا حق دیا جائے، شہر کی ترقی و فلاح کیلئے متحد ہوکر مضبوط سسٹم بنانے کی ضرورت ہے، حکومت محدود وسائل میں بھی مختلف ریلیف پروگراموں کے ذریعہ ترقی و خوشحالی کے بہترین مواقع میسر کر سکتی ہے۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ صوبہ اور بالخصوص شہر قائد میں شہریوں کیلئے اشیاء خوردونوش، پانی،گیس، بجلی سمیت دیگر بنیادی سہولیات میں ریلیف پیکیجز کے اعلانات کئے جائیں، کراچی شہر کے ماسٹر پلان کے تحت تزئین و آرائش اور اکنامک کوریڈور پر مکمل توجہ دے کر شہریوں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔