کہا جا رہا ہے 1 نئی پریس کانفرنس ہونیوالی ہے: شاہ محمود قریشی
شیعہ نیوز:پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کہا جا رہا ہے کہ ایک نئی پریس کانفرنس ہونے والی ہے۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ پریس کانفرنس کرنے والے اپنا نقصان کریں گے، پارٹی یا مجھے کچھ نہیں ہو گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مارچ کو منفی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، تحریکِ انصاف کے کارکن اور شہری خون خرابہ نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں عمران خان کے خلاف وال چاکنگ کی گئی، ہم پُرامن طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مہم چلائی جا رہی ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت فوج کے خلاف ہے، حالانکہ یہ ملک اور یہ فوج ہماری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج جو محافظ دکھائی دے رہے ہیں وہی پہلے فوج کے خلاف منفی باتیں کرتے رہے ہیں، بلوچستان میں جو غلطیاں ہوئی ہیں ان کا اعتراف کرنا چاہیے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ مہم چلائی گئی ہے کہ ارکانِ اسمبلی پارٹی چھوڑ کر جا رہے ہیں تاکہ لوگوں میں مایوسی پھیلائی جائے، یہ لوگ بیانیے کی جنگ ہار چکے ہیں۔