ترقی کے بلند و بانگ دعوے عوام کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہیں، علامہ ناظر عباس تقوی
شیعہ نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات اور جلسوں تک ہی محدود دکھائی دے رہے ہیں، سرکاری اداروں کا کوئی پُرسان حال نہیں ہے، صحت توانائی اور تعلیم سمیت بنیادی ضروریات کے تمام شعبے عوام کو سہولیات کے بجائے مشکلات سے دوچار کرنے میں مگن ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کیا۔ علامہ ناظر عباس تقوی نے مزید کہا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں سوئی گیس کی عدم فراہمی، طبی سہولتوں کے فقدان اور تعلیمی اداروں کی حالت زار نے عام عادمی کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا اولین فرض ہے کہ عام آدمی کے معمولات زندگی کو بہتر بنائے، جہاں عوام بھوک اور بے روزگاری سے تنگ آکر خودکشیاں کرنے لگے، مائیں بچوں کو زہر دے کر خود بھی ابدی نیند سو جائیں، وہاں ترقی کے بلند و بانگ دعوے عوام کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہیں، کرپٹ حکمرانوں کا واحد ہدف اقتدار کو بچانا ہے، انہیں ملک کی عوام سے کوئی غرض نہیں، ملکی ترقی کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات تک محدود ہیں، حکومت کو اگر ذاتی کاموں سے فرصت ملے تو قومی امور پر بھی توجہ دے، اسکولوں اور ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے، پڑھے لکھے بے روزگار افراد کو باوقار روزگار فراہم کرنا بھی ریاست کی ہی ذمہ داری ہے۔