ہم چین سے پیچھے رہ گئے، امریکی ایڈمرل کا اعتراف
شیعہ نیوز:یہ بات امریکی اسٹریٹجک کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل چارلس رچرڈ نے سالانہ نیول سب میرین لیگ سمپوزیم سے خطاب کے دوران کہی۔
ایڈمرل رچرڈ نے کہا کہ امریکا، روس اور چین کے خلاف جوہری برتری کھوتا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میں چین کے خلاف اپنی مزاحمتی استعداد کا جائزہ لوں تو یہ کہوں گا کہ ہم آہستہ آہستہ شکست کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین اپنی صلاحیتوں کو بہت تیزی کے ساتھ میدانِ عمل میں اتار رہا ہے۔
ایڈمرل رچرڈ نے کہا کہ ہمارے حریف اپنی جوہری صلاحیتوں میں اضافہ کر رہے ہیں، وہ دوسرے ممالک کا جوہری پروگرام ناقابل استعمال بنانے پر بھی کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حریف ممالک غیر جوہری صلاحیتوں کو بھی بڑھا رہے ہیں جو اسٹریٹجک حملے کرنے میں استعمال ہوسکتی ہے۔
امریکی ایڈمرل نے کہا کہ حریف ملک جوہری ہتھیاروں پر اپنا انحصار کم نہیں کرنا چاہتے جبکہ امریکا اس بات پر توجہ دے رہا ہے کہ پرانے تنصیب شدہ سسٹمز کو وقت پر تبدیل کر دیا جائے کیونکہ ان کی سروس کی مدت ختم ہو رہی ہے۔
اسٹریٹجک کمانڈ کے سربراہ نے افواج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسابقتی سبقت کے لیے ہمیں 1950 کی آپریشنل پالیسی سے سبق لینا چاہیے۔