امریکہ کا اصل چہرہ ایک بار پھر بے نقاب ہوا
شیعہ نیوز:امریکا جو بظاہر روس کے خلاف مزاحمت پر یوکرین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے لیکن اندرون خانہ یوکرین کو صدر ولادیمیر پوتین سے مذاکرات کا مشورہ دے رہا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا نے اندرون خانہ ملاقاتوں میں یوکرین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صدر پوتین کے اقتدار سے ہٹنے تک مذاکرات سے کام چلانے کی کوشش کریں۔
واشنگٹن پوسٹ کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ذرائع نے بتایا کہ امریکا نے یوکرین کو کہا کہ روسی صدر پوتین سے مذاکرات کے لیے ہر وقت خود کو تیار ظاہر کریں اور انھیں مذاکرات میں ہی مشغول رکھیں جب تک روسی صدر عہدے سے سبکدوش نہیں ہوجاتے۔
اخباری رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی حکام نے اپنے یوکرینی ہم منصبوں کو روسی صدر پوتین کے فی الحال مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ نہ ہونے سے بھی آگاہ کیا تاہم یہ بھی تسلیم کیا کہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور ولادیمیر پوتین کے درمیان بات چیت کی بندش سے یورپ، افریقا اور لاطینی امریکا میں تشویش ہے جہاں خوراک اور ایندھن کی قیمتوں پر اثرات سب سے زیادہ محسوس کیے گئے ہیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ امریکہ یہ سب کچھ اس لئے کر رہا ہے کہ اسے اور یورپ کو سردیوں کے موسم میں ایندھن کی قلت کا سامنا ہے اور وہ اس دلدل سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے جس میں وہ دھنستا چلا جا رہا ہے۔