جنرل باجوہ عمران خان سے اپنی پرانی محبتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مذاکرا ت کے ذریعہ ملک کو سنگین صورتحال سے نکالیں، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر
شیعہ نیوز:جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر نے کہاہے کہ پاکستان روئے زمین پر مدینہ منورہ کے بعد واحد مملکت ہے جواسلام کے نام پر قائم ہوئی یہی وجہ ہے کہ اس کے قیام سے لیکر آج تک دشمنان اسلام کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح یہ کھٹکتی ہے اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح اسے کمزور کیا جائے اور اس کا ان کی نظر میں بہترین طریقہ یہ ہے کہ ملک کی حفاظت کرنے والی فوج کو کمزور کردیا جائے تاکہ ملک کمزور ہوجائے۔ آپ نے دیکھا ابھی چند ماہ پہلے تحریک لبیک پاکستان کا لونگ مارچ تھا اس کو ختم کرنے کیلئے حکومت نے یہ پلاننگ کی کہ فوج کے ذریعہ اس کو ختم کرایا جائے، علماء کے ایک وفد نے پاکستان کے صدر مملکت محترم جناب عارف علوی صاحب سے اس وقت کے وزیر اعظم محترم جناب عمران خان صاحب، آئی ایس آئی کے سربراہ اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کی اس ملاقات کے اندر میں نے عمران خان صاحب سے کہا کہ آپ نے فوج کو طلب تو کرلیا ہے لیکن ہمارا تجربہ یہ ہے کہ 1977میں جب میرے قائد علامہ شاہ احمد نورانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے تحریک نظام مصطفےٰ چلائی تھی تو اس وقت بھی بھٹو صاحب نے فوج طلب کرلی تھی لیکن3 برگیڈ فوج نے عوام پر گولی چلانے سے انکار کردیا تھا۔