بحرین کے انتخابات میں شرکت خیانت ہے: آیت الله شیخ عیسی قاسم
شیعہ نیوز:بحرین میں جاری تحریک حریت و آزادی کے قائد آیت الله شیخ عیسی قاسم نے ہفتہ کے روز پارلیمنٹ اور بلدیاتی انتخابات میں عوامی شرکت کو خیانت قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتخابات میں بھر پور شرکت کی گئی تو یہ ہماری شکست کے مترادف ہو گی۔
آیت الله شیخ عیسی قاسم نے کہا کہ بحرین کی پارلیمنٹ حکومت کے فائدے اور عوام کے نقصان میں ہے، کیوں کہ یہ پارلیمنٹ عوام پر ظلم و ستم اور عوام کو دیوار سے لگانے کے ہتھیار میں بدل گئی ہے۔
بحرین کے چودہ فروری کے انقلابی نوجوانوں کے اتحاد نے بھی آل خلیفہ حکومت کے نمائشی پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کئے جانے کا خیرمقدم کیا ہے اور ساتھ ہی بحرین کے مختلف گروہوں کی جانب سے یکجہتی کا مظاہرے اور متحدہ اقدام کی قدردانی کی ہے۔
بارہ نومبر کو ہونے والے نام نہاد پارلیمانی انتخابات کے خلاف مختلف شہروں اور قصبوں میں روزانہ احتجاجی اجتماعات اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور اس ملک کی اکثریت نے اعلان کیا ہے کہ انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔
چودہ فروری کے انقلابی نوجوانوں نے ایک بیان میں نمائشی پارلیمانی انتخابات کے نامزد امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے نام واپس لے لیں اور آل خلیفہ حکومت کے انتخابات کے ڈھونگ کا حصہ نہ بنیں تاکہ انتخابات میں ان کی شرکت ان کے لئے ذلت کا باعث نہ بنے۔ اس بیان میں کہا گیا ہےکہ بہت کم تعداد میں ہی لوگ ان نمائشی انتخابات میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ بحرین میں چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کی آمر و جابر حکومت کے خلاف عوامی استقامت کا سلسلہ جاری ہے۔ بحرینی عوام اپنے ملک میں آزادی، عدل و انصاف کے قیام اور تاناشاہ موروثی حکومت کے بجائے جمہوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت ہر قیمت پر خود کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی مماثل آل سعود حکومت کے فوجیوں کی مدد سے معترض عوام کو تمام تر شدت کے ساتھ کچلنے میں مصروف ہے۔