امریکی غلامی نامنظور کا نعرہ عوام کے دل اور ضمیر کی آواز ہے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈیرہ غازی خان میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غلامی نا منظور کا نعرہ عوام کے دل اور ضمیر کی آواز ہے۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی جنوبی پنجاب کے تنظیمی دورے کے سلسلے میں ضلع ڈیرہ غازی خان کے شہر چوٹی زیریں پہنچے تو ضلعی صدر سید انعام زیدی اور ضلعی سیکرٹری سیاسیات سید اظہر عباس کاظمی کی قیادت میں تنظیمی کارکنوں نے استقبال کیا۔
اس موقع پر سیاسی سماجی رہنما علماء و ذاکرین اور تنظیمی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان وطن عزیز پاکستان میں الہی اقدار کی علمبردار ہے شیاطین عالم خصوصا شیطان بزرگ امریکہ کے انسان دشمن استکباری منصوبوں اور پاکستان میں امریکی مداخلت کے خلاف ہم نے ہمیشہ آواز بلند کی ہے یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستانی عوام کی غالب اکثریت امریکہ اور اس کے استعماری نظام سے نفرت کرتی ہے اور غلامی نا منظور کا نعرہ عوام کے دل اور ضمیر کی آواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے غریب اور پسماندہ عوام کے درد اور مشکلات کو سمجھتی ہے کیونکہ ہم غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ جن سرمایہ داروں اور جاگیر داروں نے غربت بھوک اور افلاس کو کتابوں میں پڑھا ہے وہ سیلاب جیسی آفت اور تباہی پر بھی عوام اور ووٹرز سے لاتعلق نظر آئے۔تقریب میں علاقے کے سیاسی سماجی رہنما سابق ناظم وڈیرہ مہر سردار خان، وائس چیئرمین مختار خان برمانی ،وائس چیئرمین عباس خان حسنانی ،کونسلر کریم بخش خان وڈانی ،کونسلر ساجد خان، کونسلر عطا حسین پتافی و دیگر شریک ہوئے ۔