
کراچی، فلسطین فاؤنڈیشن کی جانب سے ’’یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی‘‘ کا انعقاد
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فلسطین میں صہیونی غاصبانہ تسلط اور بربریت کے خلاف کراچی میں یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سائیکل ریلی میں شہریوں نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کرتے ہوئے شارع فیصل سے کراچی پریس کلب تک مارچ کیا۔ شرکاء نے سائیکل پر پاکستانی اور فلسطینی جھندے لگا رکھے تھے جبکہ فلسطینی ترانے بھی بجائے جا رہے تھے۔ یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سمیت سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے نمائندوں بشمول فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم، پی پی پی رہنما تاج حیدر، پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی محمد طارق حسن، جماعت اسلامی رہنما مسلم پرویز،پی پی پی رہنما ارشد نقوی، سہیل عابدی، سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ احمد اقبال، علامہ مختار امامی، علامہ صادق جعفری سمیت کئی رہنما شریک شریک تھے۔
یکجہتی فلسطین ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ دنیا کا اہم ترین مسئلہ ہے اور یہ مسئلہ نہ صرف فلسطینی عوام بلکہ پوری انسانیت سے مربوط ہے۔ مقررین نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی کوشش ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کو فراموش کریں اور اس کام کے لئے عرب دنیا کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات قائم کئے جا رہے ہیں لیکن امریکہ اور صہیونی طاقتوں کو یہ بات جان لینی چاہیئے کہ مسئلہ فلسطین پوری انسانیت کا مسئلہ ہے اور اسے کسی بھی سازش کے ذریعہ ختم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل یہ ہے کہ تمام فلسطینی اپنے وطن فلسطین واپس جائیں اور فلسطین پر قابض ہونے والے صہیونی اپنے وطن کو واپس جائیں۔ مقررین نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے جبکہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر مقررین نے پاکستان میں فلسطین فاؤنڈیشن کے قیام اور سرگرمیوں کی قدر دانی کی اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ شرکائے ریلی نے فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے اور امریکہ اور اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے سائیکل مارچ میں شرکت کی۔