لاہور،ذاکر اہل بیتؑ شہید محسن نقوی قتل کیس میں قاتل کی ضمانت پر سماعت 8 دسمبر تک ملتوی
شیعہ نیوز: پاکستان کے ممتاز شاعراور ذاکر اہل بیتؑ سید محسن نقوی شہید کے 26 سال پرانے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے قتل کیس میں ملوث ملزم کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر مدعی فریق سے دلائل طلب کرلیے۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج اعجاز احمد بٹر نے کیس کی سماعت کی۔ ملزم اجمل عرف اکرم لاہوری نے درخواست ضمانت دائر کر رکھی ہے۔عدالت نے ملزم کی درخواست پر مزید سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے مدعی فریق سے دلائل طلب کیے ہیں۔ پراسیکیوشن کے مطابق ملزم نے 1996 میں ممتاز شاعر محسن نقوی کو لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاون میں شہید کر دیا تھا۔ تھانہ اقبال ٹاؤن نے ملزم اجمل عرف اکرم لاہوری کیخلاف 1996 میں مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزم نے جیل سے وکیل کی وساطت سے ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔ ملزم چھبیس سال سے قتل اور دہشتگردی کے دیگر مقدمات میں قید رہا ہے۔