
صیہونی فوج کے ہاتھوں ایک اور فلسطینی نوجوان شہید
شیعہ نیوز: غاصب صیہونی فوج نے فلسطین کے مغربی کنارے میں حملہ کرکے ایک اکیس سالہ نوجوان کو شہید کردیا ہے۔
فلسطینی محکمۂ صحت کے مطابق احمد ابوجنید کو صیہونی فوج نے سر میں گولی مار کر شہید کر دیا ہے، یہ حملہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے نابلس کے شہر میں واقع پناہ گزین کیمپ میں کیا گیا۔
ابوجنید کی شہادت سے 2023ء میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
صیہونی فوجی ذرائع کے مطابق فلسطینی مجاہدوں اور غاصب تل آبیب کے فوجیوں کے درمیان اس وقت جھڑپ ہوئی جب وہ مغربی کنارے میں لوگوں کو گرفتار کر رہے تھے۔
فلسطینی محکمٔ صحت کے مطابق صیہونی فوج کے خصوصی دستوں نے ایک گھر کا گھیراؤ کرلیا اور اس پر آنسوگیس کے گولے، بندوق والے گرنیڈ اور فائرنگ کی، اس گھر میں فلسطینی نوجوان جمع تھے۔
الفتح کے ملٹری ونگ الاقصی برگیڈ نے کہا ہے کہ ابوجنید مزاحمتی محاذ سے جڑے ایک سرگرم نوجوان تھے۔