آذربائیجان بھی باضابطہ طور پر فلسطین کے غداروں میں شامل
شیعہ نیوز:النشرہ ویب سائیٹ کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے غاصب صیہونی ریاست سے رابطے کے تیس سال بعد مختار محمدوف کو غاصب ریاست میں اپنا پہلا سفیر مقرر کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آذربائیجان نے فلسطینیوں کی امنگوں اور غاصب صیہونی دشمن کے چنگل میں گرفتار قبلۂ اول مسجد اقصیٰ کے ساتھ غداری کرتے ہوئے اسرائیل میں اپنے سفیر کی تعیناتی کا اعلان کر دیا۔ صیہونی اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق گزشتہ چند ماہ سے تل آبیب میں آذربائیجان کا سفارت خانہ زیر تعمیر تھا۔
سابق صیہونی وزیر اعظم یائیر لاپید نے آذربائیجانی پارلیمنٹ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا تھا جس میں غاصب ریاست میں باکو کا سفارت خانہ کھولنے کے حق میں ووٹ دیا گیا تھا۔ یائیر لاپید نے کہا تھا کہ تل آبیب میں آذربائیجان کا سفارت خانہ کھلنا دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کی علامت ہے۔
رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کی وزارت خارجہ کا ایک اعلی سطحی وفد غاصب صیہونی ریاست کے دورے پر ہے۔ آذربائیجان کی وزارت خارجہ کے اعلان کے مطابق آذربائیجان کے سینئر نائب مشیر کی سربراہی میں ایک وفد نے تل ابیب کا تین روزہ دورہ کیا اور دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے درمیان نئے تعلقات کا آغاز ہوا ہے۔