صیہونی حکومت کی جارحیت، تین شامی فوجی اہلکار زخمی
شیعہ نیوز: غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے اتوار کو مغربی صوبے حماہ کے مصیاف میں واقع علاقے حیر عباس کو جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں شامی فوج کے تین اہلکار زخمی ہو گئے۔
اس حملے کے بعد شام کے ایک فوجی ذریعے نے بھی خبر دی کہ صیہونی جنگی طیاروں نے لبنان، اور طرطوس کے بعض علاقوں پر میزائل فائر کئے اور حماہ کے علاقے کو بھی جارحیت کا نشانہ بنایا۔
شامی ذرائع کے مطابق شام کے دفاعی سسٹم نے صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کا مقابلہ کیا اور فائر کئے جانے والے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
غاصب صیہونی حکومت شام کو ایسی حالت میں جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہے کہ جب یہ ملک حالیہ زلزلے میں ہونے والی تباہی کا سامنا کر رہا ہے اور بے گھر ہونے والے شامی شہریوں کو پناہ دیئے جانے میں سرگرم عمل ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی فوجی آئے دن شام کے مختلف علاقوں منجملہ مقبوضہ جولان میں اپنے اہداف کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔