قرآن کریم پوری انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے، حسین مقدسی
شیعہ نیوز:تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے کہا ہے کہ خداوند عالم کیطرح قرآن بھی کریم ہے جو پوری انسانیت کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے، جس رسول ؐپر نازل کیا گیا وہ بھی کریم اور بشریت کا نجات دہندہ ہے ، دہشتگردی کو کچلنے والے عساکر پاکستان کے سربکف جوان قوم کا اثاثہ ہیں جنکی لہو رنگ قربانیوں کو سپاس عقیدت پیش کرنے کیلئے پوری قوم انکی پشت پر کھڑی ہے ، حکمران اور سیاستدان اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کیلئے ماہ صیام میں خصوصی سہولیات فراہم کریں اور دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ پاکستان امن کا گہوارہ بن سکے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے امام بارگاہ قصر عباس چہان سیداں نزد ڈھوک حمیدہ میں سید صداقت حسین شاہ اور انکی اہلیہ مرحومہ کی مجلس برسی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آغا حسین مقدسی نے کہا کہ دہشتگردی اور اس قسم کے دیگر ہتھکنڈے ہمیں راہ حق سے نہیں ہٹا سکتے کیونکہ ہم امام عالی مقام حسین ابن علی کے پیروکار ہیں جنہوں نے اپنی اور اولاد و اصحاب باوفا کی قربانی پیش کرکے گستاخان رسالت کو نابود کرنے کا انمول درس دیا اسی لیئے ہمارا نعرہ کے کہ درس کربلا ہے خوف بس خدا کا ہے، مشترکہ دشمن یاد رکھے ہم مر تو سکتے ہیں لیکن وارث قرآن امام عالی مقام کی تاسی میں باطل کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے۔ مجلس ترحیم میں آغا حسین مقدسی کے ہمراہ علامہ سید شبیہ الحسن کاظمی ، علامہ فخر عباس عابدی ، علامہ کاظم رضا کاظمی ،مولانا عباس بخاری ،سید بو علی مہدی، شوکت عباس جعفری ذوالفقار علی راجہ اور ابو ذیشان نقوی بھی موجود تھے۔ مجلس سے ذریت عمران شیرازی ، عون صابر بہل ، ناہید عباس جگ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔