الیکشن کمیشن نے پختونخوا میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا
شیعہ نیوز: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق خیبرپختوںخوا میں عام انتخابات 8 اکتوبر کو ہوں گے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے گورنر خیبرپختونخوا سے تاریخ کے حوالے سے مشاورت کی اور پھر غور کے بعد تاریخ کا اعلان کردیا۔اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا نے بھی الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلیے 8 اکتوبر کی تاریخ تجویز کی تھی۔ انہوں نے مشاورت کے بعد 24 مارچ کو الیکشن کمیشن کو خط لکھا جس میں 8 اکتوبر کو صوبے میں انتخابات کے انعقاد کی تجویز دی تھی۔
واضح رہےکہ آئین کے تحت اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 روز کے اندر انتخابات کا انعقاد لازمی ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب میں انتخابات کیلیے 30 اپریل کی تاریخ کا اعلان کیا تھا، جس کو ملتوی کر کے نئی تاریخ 8 اکتوبر دی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات کے التوا پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس پر چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ سماعت کررہا ہے۔