امریکا میں عمران خان کے دوبارہ وزیراعظم بننے کی باتیں ہورہی ہیں، پرویز الہیٰ
شیعہ نیوز:پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا میں عمران خان کے دوبارہ وزیراعظم بننے کے حوالے سے باتیں ہورہی ہیں۔
لاہور میں سیاسی رہنماؤں سے ملاقات میں چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ چیف جسٹس کی استقامت سے سازشی عناصر میں کھبلی مچ چکی ہے، فُل کورٹ کا راگ صرف الیکشن سے بچنے کیلیے الاپا جارہا ہے۔ مفرور نواز شریف کا فُل کورٹ کا مطالبہ بھی مضحکہ خیز ہے۔انہوں نے کہا کہ بیماری کا بہانہ بنا کر ملک سے فرار ہونے والا کس منہ سے آئین اور عدلیہ کی بالادستی کا بھاشن دے رہا ہے۔ پرویز الہیٰ نے دعویٰ کیا کہ امریکا میں بھی عمران خان کی غیر معمولی مقبولیت ہے اور وہاں عمران خان کے دوبارہ وزیراعظم بننے کی باتیں ہورہی ہیں۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف نے آئین بحالی کی جدوجہد میں دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی شریک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پی ٹی آئی کے صدر نے ایم کیو ایم پاکستان کے قائدین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے عمران خان کی جانب سے ٹاسک ملنے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنونیئر مصطفیٰ کمال اور وسیم اختر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
علاوہ ازیں چوہدری پرویز الہیٰ نے تحریک منہاج القرآن اور پاکستانی عوامی تحریک کے بانی ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے محی الدین اور خرم نواز گنڈا پور سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ جس میں سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے مرکزی جماعت اہلحدیث کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر کو بھی ٹیلی فون کیا۔ پی ٹی آئی کے صدر نے تمام سیاسی رہنماؤں سے رابطے میں موجودہ سیاسی صورت حال اور آئین کی بالادستی کے حوالے سے گفتگو کی۔