
یوم القدس، تحریک بیداری امت مصطفیٰ 14 اپریل کو لاہور میں ریلی نکالے گی
شیعہ نیوز:تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے زیراہتمام عالمی یوم القدس کی مناسبت سے ’’القدس ریلی‘‘ 23 رمضان المبارک،14 اپریل کو نکالی جائے گی۔ ریلی کی قیادت سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ سید جواد نقوی کریں گے۔ ریلی 3 بجے سہ پہر ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک نکالی جائے گی، جس میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام، سینئر وکلا، صحافی اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد شریک ہو گی۔ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا ہے کہ یوم القدس دراصل اسلام، فلسطین، مظلومین اور مسلمانوں کی حمایت کا دن ہے، اس دن ہر غیور مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ گھروں سے نکلے اور یوم القدس کی ریلی میں شرکت کرے۔
انہوں نے کہا کہ ریلی کا مقصد مظلوموں کی حمایت ہے، اور یہ فعل حکم امام ہے۔ علامہ جواد نقوی کا کہنا تھا کہ ہم فلسطین کو آزاد ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں، بہت جلد فلسطین کے مظلوم عوام آزاد فضا میں سانس لے سکیں گے۔ علامہ سید جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ مسلمان ممالک کی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کا مرکز مسئلہ فلسطین کو ہونا چاہئے، چونکہ قدس شریف کے محور پر مسلمانوں کی ہم آہنگی اور تعاون صیہونی دشمن اور اس کے حامی امریکا اور یورپ کیلئے وحشتناک ہے۔
انہوں مسلم اقوام، حکام، روشن فکر دانشور، علمائے دین، جماعتوں، تنظیموں، غیور نوجوان اور دیگر طبقات، سے اپیل کی کہ فلسطینیوں کی حمایت میں اپنے اپنے طور پر اس ہمہ گیر تحریک میں شامل اور سرگرم ہو جائیں، چونکہ صیہونی حکومت اس علاقے کیلئے ایک مہلک اضافہ اور سراپا نقصان ہے، جو بلا شبہ ختم اور نابود ہو جائے گی اور ان لوگوں کے ہاتھ صرف ذلت اور بدنامی لگے گی، جنہوں نے اپنے تمام وسائل اس استکباری سیاست کیلئے وقف کر رکھے ہیں۔ القدس ریلیاں لاہور سمیت اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نکالی جائیں گی۔