پاکستانی شیعہ خبریںہفتہ کی اہم خبریں

باشعور عوام ملک کو جنگل بننے سے بچائیں، عدل و انصاف کی جدوجہد ہر صورت جاری رکھیں، علامہ راجہ ناصر عباس

شیعہ نیوز: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں یہ کیسی اندھیر نگری ہے، کہ مائیں، بہنیں، بیٹیاں، معمر خواتین، جرنلسٹس، مادر وطن پاکستان کے معصوم بچے، بوڑھے، متکبر و ناعاقبت اندیش فاشسٹوں کی فسطائیت کا شکار ہیں، ملک میں نہ آئین کا تقدس باقی ہے اور نہ ہی قانون کی حرمت بچی ہے، عدالتوں کی کھلم کھلا توہین اور بے توقیری ہو رہی ہے، ڈاکٹر شیریں مزاری جیسی بزرگ خاتون کو بار بار پابند سلاسل کرنا کس بات کی غمازی کرتا ہے، یہی کہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے آواز بلند کرنے والوں کی زندگیاں اجیرن بنا دو، تاکہ شدید دباؤ سے وہ اپنے بنیادی حقوق کے نعروں سے مجبور ہوکر کر ہٹ جائیں، صبر کرنے والے اور استقامت دکھانے والے محبوب خدا ہیں، اللّٰہ رب العزت صبر کرنے والے اور ڈٹ جانے والوں کو اجر عظیم دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جو پاکستان میں حالات پیدا کیے گئے ہیں، یہ پاکستانی عوام پر امتحان کی گھڑی ہے، امپورٹڈ ٹولے کی جانب سے اپنے مفادات کی خاطر بنائے گئے مصنوعی بادل جلد چھٹ جائیں گے، مشکلات اور ظلمتوں کی اندھیری رات کے بعد آزادی کا سورج طلوع ہو گا، ہم‏ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور عملداری کے اپنی اصولی جدوجہد جاری رکھیں گے، یہ ملک اس وقت تک ہی درست ڈگر پر چلے گا جب یہاں انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور تمام تر ادارے اپنے آئینی دائرہ اختیار میں رہ کر فرائض انجام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جبری گمشدگی ریاست اور عدلیہ دونوں کو زیر سوال لاتی ہے، ریاست کے اندر ریاست جمہوریت کی روح کے منافی، آئین اور قانون کی پاسداری و عملداری پر اگر قانون نافذ کرنے والے ہی عمل پیرا نہیں ہونگے، تو پھر شہری کیسے آئین و قانون کی سربلندی پر عمل کریں، پاکستان کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے باشعور افراد کو چاہیے کہ وہ ملک کو جنگل بننے سے بچائیں، عدل اور انصاف کی جدوجہد ہر صورت جاری رکھیں، موجودہ حکمرانوں نے ملک میں جس انارکی کو پھیلایا ہے وہ خود ہی اس کی زد میں ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button