امام خمینی نے دنیا کے سامنے سیاست علوی کا بہترین نمونہ پیش کیا، علامہ راجہ ناصر عباس
شیعہ نیوز:چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حضرت امام خمینی رضوان اللہ علیہ کی 34ویں برسی کی مناسبت سے انہیں شاندار انداز میں خراج عقیدت و سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ نادر و نایاب، خورشید تابناک ہمہ جہت خصوصیات کی حامل شخصیت ہمارے لیے عظیم عطیہ خداوندی تھا، آپ ایمان و عمل صالح کی مصداق آفاقی شخصیت کے مالک تھے، خمینی بت شکن عالم اسلام کی وہ عظیم ہستی ہیں جنہوں نے اپنی علمی و عملی جدوجہد سے مسلمین و مستضعفین جہاں کا سر بلند کر دیا، آپ کی دین ناب کی فکر ہی مرہون منت بنی کہ دنیا بھر کی تحریکوں اور نہضتوں نے طاغوتی قوتوں کو ہر میدان میں شکست فاش سے دوچار کیا۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام خمینی رح کی تعلیمات و افکار میں ہی ملت پاکستان کے مسائل کا حل پوشیدہ ہے، جن پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنے ملک کو درپیش چیلنجز سے باطریق احسن نبردآزما ہو سکتے ہیں، آپ نے ذاتِ باری تعالیٰ پر کامل یقین کیساتھ نہ صرف ملت ایران بلکہ ملت اسلامیہ کو خود اعتمادی عطا کی، امام خمینی نے عملی طور پر ثابت کیا کہ اگر دین سے صحیح استفادہ کیا جائے، تو یہ قوموں کو بیدار کرنے کا بہت ہی مؤثر اور فعال ترین ذریعہ ہے، آپ نے کمزور اور پسے ہوئے طبقات کی کامیابی کے لیے زمینہ سازی کی، اپنی عملی زندگی سے ہم سب پر یہ بات ثابت کر دی کہ دنیا کی استکباری طاقتوں کے مقابلے میں پوری طاقت سے ڈٹ جانے میں ہی کامیابی ہے اور اصولوں کی خاطر ان کے مقابلے میں کبھی خاموش نہیں رہنا چاہیے۔