نظام ولایت آج عالمی قوت بن چکا ہے جس سے شیاطین عالم خائف ہیں، علامہ صادق جعفری
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین کراچی کے تحت 18 ذوالحجہ روز غدیر کی مناسبت سے کراچی کے علاقے انچولی میں جشن غدیر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مومنین و مومنات باالخصوص بچوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ جشن غدیر میں ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن اور ضلعی ذمہ داران نے خصوصی شرکت کی اور بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی۔ جشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری اور ملک غلام عباس و دیگر کا کہنا تھا کہ ولایت اہل بیتؑ دین اسلام کی روح ہے اور امامت و ولایت کے بغیر دین نامکمل ہے، اسی لئے قرآن کریم نے اعلان ولایت کے موقع پر فرمایا آج تمہارے لئے دین مکمل ہوا اور نعمتیں تمام ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام ولایت آج عالمی قوت بن چکا ہے جس سے شیاطین عالم خائف ہیں، حضرت امام خمینیؒ نے پیغام غدیر اور نظام ولایت کی روشنی میں ایک الہی حکومت قائم کی جو نور کی کرن بن کر دنیا سے ظلمتوں کا خاتمہ کر رہی ہے۔
علامہ صادق جعفری نے مزید کہا کہ آج مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ذمہ داران و کارکنان سمیت تمام شیعہ جوانوں، ملی اداروں، ماتمی انجمنوں، مساجد و امام بارگاہوں کی ذمہ داران نے ناصرف کراچی بلکہ سندھ کے گوشے گوشے کو نور ولایت سے منور کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مولا علی (ع) کے ماننے والوں نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو میدان خم غدیر میں بدل دیا ہے، جہاں دیکھیں نور ولایت کے پروانے اعلان ولایت پر جشن منا رہے ہیں۔ علامہ رشید ترابی پارک انچولی میں جشن غدیر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ملک غلام عباس نے کہا کہ اللہ رب العزت نے پوری کائنات میں جو ایک نور پھیلایا ہے وہ نور مولا علیؑ اور ان کی آلؑ کے وسیلے سے قائم ہے، پاک پروردگار نے کائنات کی خلقت سے قبل اپنی حبیب حضرت محمدؐ، مولا علیؑ اور بی بی فاطم الزھراء سلام اللہ علیہا کے نور کو خلق کیا تھا، یعنی خالق کائنات نے اس کائنات اس میں موجود ہر شئے اور اپنے پیغمبروں کی خلقت سے پہلے محمدؐ و اہلبیت محمدؑ کے نور کو خلق کیا تھا اور اسی نور کی بدولت آج پوری کائنات روشن ہے۔