دین محمدی کی حفاظت اور بقاء کیلئے امام حسینؑ نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا، علامہ شبیر میثمی
شیعہ نیوز:معروف عالم دین اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے بارگاہ ابوطالب ڈیفنس سوسائٹی میں دین محمدی کے عنوان سے منعقدہ عشرہ محرم الحرام کی پہلی مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دین محمدی ایک ایسی تعبیر ہے جسے سبھی اپنا سکتے ہیں لیکن دین محمدی کی حقیقی تعبیر وہی ہوگی جو نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا اصحاب و انصار نے اپنے خون سے مزین فرمائی ہے، انسانیت کے لئے بہترین اور اعلیٰ اقدار کو اللہ تعالی نے انبیاء کے ذریعہ پیش کیا اور ان تعلیمات کا سب سے اعلیٰ و برتر نمونہ خداوند متعال نے دین محمدی کی شکل میں انسانوں کے سامنے پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواسہ رسولؑ، سید الشہداء امام حسین علیہ السلام نے دین محمدی کی حفاظت اور بقاء کے لیے عظیم قربانی پیش کی اور اپنے خون کے ذریعہ قیامت تک دین محمدی کی حفاظت کا سامان فراہم کیا۔ علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے مجلس عزا سے خطاب کے دوران دنیا بھر میں دین، دین داری اور اسلامی امہ کو درپیش چیلنجز کا تذکرہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ تمام تر مشکلات اور چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے محمدی سیرت اور حسینی جذبہ کی ضرورت ہے، اگر مسلم امہ ان دو خصوصیات کو اپنالے تو دنیا ایک نئے عہد کا آغاز کرنے کی صلاحیت حاصل کرلے گی۔