
قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد کشیدہ صورتحال کے باعث ڈنمارک کی سرحدی سیکیورٹی سخت
شیعہ نیوز: یورپی ملک ڈنمارک میں پولیس نے قرآن پاک کی بےحرمتی کے حالیہ واقعات کے بعد سیکیورٹی کی کشیدہ صورتحال کے باعث سرحدی سیکیورٹی سخت کر دی، اسی طرح کا فیصلہ گزشتہ ہفتے سویڈن کی حکومت کی جانب سے بھی دیکھا گیا تھا۔ واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں اسلام مخالف عناصر نے ڈنمارک اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی، جس سے مسلم دنیا میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ساتھ ہی دونوں ممالک کی حکومتوں سے ایسی کارروائیوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈنمارک کی وزارتِ انصاف نے میں کہا کہ حکام نے آج یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ اس وقت اس بات پر توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے کہ ڈنمارک میں کون داخل ہورہا ہے تاکہ مخصوص اور موجودہ خطرات کا جواب دیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر سرحدی سیکیورٹی میں سختی کرنے کے فیصلے کا اطلاق 10 اگست تک ہوگا۔
وزیرِ انصاف پیٹر ہملگارڈ نے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی پولیس کے مطابق قرآن پاک کے نسخے نذر آتش کیے جانے کے حالیہ واقعات کی وجہ سے سیکیورٹی کی صورتحال متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کی سیکیورٹی اور ڈنمارک آنے والے مسافروں پر نگرانی مزید بڑھا کر، ڈنمارک نے سویڈن جیسا قدم اٹھایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں حکومتوں نے بے حرمتی کے واقعات کی مذمت کی ہے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس کی روک تھام کے لیے قوانین بنانے پر غور کر رہے ہیں۔ لیکن یورپی شیطانی تہذیب کے حامل مقامی ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کسی بھی فیصلے سے آزادیِ اظہارِ رائے کے حق کو نقصان پہنچے گا، جسے ان دونوں ممالک کے آئین میں تحفظ حاصل ہے۔