شہید عارف حسینی پاکستان میں امام خمینی کے سپاہی اور مبلغ انقلاب تھے، علامہ مبشر حسن
شیعہ نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ شہید عارف حسین الحسینی سرزمین پاکستان پر رہبر کبیر بانی انقلاب امام خمینی رہ کے سپاہی اور مبلغ انقلاب تھے، عارف حسین الحسینی شخص نہیں بلکہ فکر کا نام ہے جو آج بھی ملت جعفریہ میں حسینی عزم کے پیکر جوان معاشرے کو آگہی فراہم کر رہی ہے، شہید عارف حسین الحسینی رہ کو پاکستان و اسلام کے دشمن اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل میں ایک بڑی رکاوٹ تصور کرتے تھے اور یہی وجہ تھی کہ فرزند خمینی عارف حسین الحسینی کو استعماری و استکباری ایجنٹوں نے شہید کر کے ملت جعفریہ کو اپنے جہاندیدہ و زیرک ،شفیق اور ہمدرد قائد سے محروم کر دیا۔
علامہ مبشر حسن نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ نے شہید حسینی کے بارے میں کہا تھا کہ پاکستان کی ملت شہید قائد کے تفکر کو زندہ رکھے، امام خمینیؒ جانتے تھے کہ شہید قائد کا تفکر، شہید کی فکر، شہید کا نظریہ، شہید کا ویژن اسلام کے لئے، مسلمانوں کے لئے، پاکستان کے لئے نجات دہندہ ہے، صراط مستقیم ہے لہٰذا شہید قائد کا ہم سے بچھڑنا اور ہماری قوم و ملت کا شہید قائد کی قیادت سے محروم ہونا یہ بہت بڑا المیہ تھا اور بہت بڑا نقصان تھا، شاید مدتوں بعد بھی اس خلاء کو پر نہیں کیا جا سکتا۔