وحدت یوتھ لاہور ڈویژن کی موٹرسائیکل ریلی
وحدت یوتھ لاہور ڈویژن کے صدر سید زین رضوی کی قیادت میں جشن آزادی کے موقع پر جوانوں کے وفد نے مزار علامہ اقبالؒ پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وفد میں پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹری علامہ ظہیر کربلائی، وحدت یوتھ لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری شمس نقوی، سیکرٹری اطلاعات و میڈیا سید علی نقوی، سیکرٹری فنانس سید عرفان شاہ، شاعر اہلبیت علی علوی، ایڈووکیٹ سید اسد نقوی، رکن و ذاکر اہلبیت علی رضا طالب، ڈپٹی جنرل سیکرٹری شہباز علی، ڈپٹی رابطہ سیکرٹری محمد عرفان، صدر عزیز بھٹی ٹاون ذیشان، صدر تحصیل فیروزوالہ شمون علی، صدر تحصیل شرقپور شریف ذیشان علی، سرمد سمیت جوانوں کی کثیر تعداد شامل تھی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ ظہیر کربلائی نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ کی روشن فکر قیام پاکستان کا باعث بنی، اقبالؒ نے جوانانِ برصغیر کو ایک نئی سوچ دی، ان کی خودی کو جگایا اور ان میں ایک نئے وطن کے قیام کی اُمنگ کو پیدا کیا۔ علامہ ظہیر کربلائی کا کہنا تھا کہ اقبالؒ کا درس خودی ہی قیام پاکستان کی بنیاد بنا، آج بھی اقبالؒ کی فکر کو مشعل راہ بنا کر ہم اپنے وطن کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک پر ایسے حکمران مسلط رہے، جنہوں نے ملک کو لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، لیکن وطن کی ترقی و کامیابی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان آج بھی صالح قیادت کا انتخاب کریں تو پاکستان اقبال کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر ترقی سے سرفراز ہو سکتا ہے۔