حضرت بی بی زینب (س) کے روضہ پر حملہ کرنیوالے مسلمان نہیں ہوسکتے، سنی اتحاد کونسل
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے راہنماؤں صاحبزادہ حامد رضا، حاجی حنیف طیب، پیر فضیل عیاض قاسمی، پیر محمد اطہر القادری، طارق محبوب، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، محمد نواز کھرل، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد حسیب قادری نے اپنے بیان میں شام کے شہر دمشق میں حضرت سیّدہ زینب (س) کے روضہ پر راکٹوں سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی باغیوں نے حضرت بی بی زینب(س) کے روضہ پر حملہ کرکے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح کئے ہیں، حضرت بی بی زینب (س) کے روضہ پر حملے کا سانحہ قابلِ مذمت ہے۔
اہلسنت رہنماؤں نے کہا کہ اس المناک اور دردناک سانحہ پر پوری دنیا کے مسلمان دُکھی ہیں اور ان کی آنکھیں اشکبار ہیں، اقوام متحدہ اور مسلم حکمران شام میں مقدس مزارات کا تحفظ یقینی بنائیں، شام میں مقدس مزارات پر حملے کرنے والے اسلام دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں، ان کا اسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، حضرت بی بی زینب (س) کے روضہ پر حملہ کرنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے، حکومت پاکستان اس دردناک واقعہ پر عالمی سطح پر آواز اٹھائے۔