امام مہدی علیہ السلام پوری دنیا میں اسلامی نظام نافز کریں گے: دینی مشاورتی کونسل
شیعہ نیوز: دینی مشاورتی کونسل گلگت بلتستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ اہلسنت کا یہ عقیدہ ہے کہ امام مہدی علیہ السلام کا ظہور قیامت کے قریب ہوگا، بوقت ظہور ان کی عمر 40 سال ہوگی، جو تمام عالم انسانیت کیلئے نجات دہندہ ہیں اور وہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے ساتھ مل کر پوری دنیا میں اسلامی نظام نافذ کریں گے، گلگت بلتستان کا امن سب کیلئے عزیز ہے، 20 لاکھ عوام کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت چند افراد کو نہیں دی جاسکتی ہے۔
مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا خلیل قاسمی، مولانا عطاء اللّٰہ شہاب، مولانا عبد السمیع و دیگر نے کہا کہ اہلبیت رسولؑ، صحابہ کرامؓ اور حسنین کریمینؑ کے ساتھ محبت رکھنا حب نبوی کا مظہر اور ایمان کا حصہ ہے، ان کی توہین کرنا صحبت نبوی کی توہین اور اللہ تعالی کے انتخاب کی بھی توہین و تنقیص ہے، ایسا کرنا درحقیقت قرآن محفوظ اور دین مبین کے اعتماد کو مجروح کرنا ہے۔
دینی مشاورتی کونسل گلگت بلتستان کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کا امن سب کیلئے عزیز ہے، 20 لاکھ عوام کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت چند افراد کو نہیں دی جاسکتی ہے، جیو اور جینے دو اپنا مسلک چھوڑو نہیں کسی کے مسلک کے ساتھ چھیڑو نہیں کی پالیسی پر عمل کرنا وقت کی ضرورت ہے، جو بھی فرد علاقے کے امن کے ساتھ کھیلتا ہے وہ ہم سب کا مشترکہ دشمن ہے۔
پاکستان کے استحکام کیلئے گلگت بلتستان میں امن بہت ضروری ہے، دیر پا امن کیلئے تمام مسالک کے جید علماء کو گلگت بلتستان لایا جائے تاکہ کوئی مضبوط پیشرفت ممکن ہوسکے، امن کے لئے گلگت بلتستان کے جید علماء، سول سوسائٹی، یوتھ اور تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ خاموش نہ رہیں بلکہ امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔