مستونگ دھماکہ، جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما سمیت 11 زخمی
شیعہ نیوز: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ہونے والے ایک دھماکے میں جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما حافظ حمد اللہ سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔
ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی موبائل فون سے بنی ایک ویڈیو میں خون آلود حافظ حمداللہ کو دکھایا گیا، انہیں ان کے گارڈز سہارا دیے ہوئے تھے۔
ضلع مستونگ کے اسسٹنٹ کمشنر عطا اللہ میمن نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ واقعے میں اب تک 11 افراد زخمی ہو چکے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکے کی اطلاعات سامنے آنے کے فوری بعد جے یو آئی (ف) کے ترجمان نے حافظ حمداللہ کے معمولی زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کوئی تشویش ناک صورتحال نہیں ہے۔
ترجمان جے یو آئی (ف) اسلم غوری نے نجی نیوز چینل ’جیو‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حافظ حمداللہ کے سیکیورٹی گارڈ بھی معمولی زخمی ہوئے ہیں، لیکن کوئی تشویش ناک صورتحال نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حافظ حمداللہ کوئٹہ سے قلات کی طرف جا رہے تھے اور مستونگ کراس کرنے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا لیکن تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ یہ خودکش دھماکا تھا یا کوئی نصب بم تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کے سینئر رہنما کے علاوہ مزید 2 افراد بھی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان جے یو آئی (ف) نے کہا کہ زخمیوں کو کوئٹہ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
نگران وزیر داخلہ بلوچستان میر محمد زبیر جمالی نے جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ پر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔