
پاکستان کی داخلی معاملات میں امریکی سفیر کی کھلم کھلا مداخلت قومی وقار کے منافی ہے: علامہ راجہ ناصر عباس
شیعہ نیوز: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ بلتستان اور گوادر جیسے حساس علاقوں میں امریکی سفیر کی آمدورفت اور پرسرار سرگرمیاں پوری قوم کے لیے سوالیہ نشان ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کی داخلی معاملات میں امریکی سفیر کی کھلم کھلا مداخلت قومی وقار کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کی پاکستان میں سفارتی سرگرمیوں سے ہٹ کر غیر معمولی طور پر فعالیت کے قصے بھی زبان زد عام ہیں۔ پاکستان کسی استعماری طاقت کی کالونی نہیں ہے کہ اس کے داخلی و انتظامی فیصلے طاغوتی طاقتیں کریں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ موجود ہ حکومت ایسی غیر اخلاقی و غیر سفارتی سرگرمیوں کو روکنے کی اپنے اندر جرات پیدا کرے۔
ان سازشی قوتوں کی پاکستانی شخصیات سے ملاقاتیں بے مقصد نہیں ہیں بلکہ ان کے پس پردہ ملک دشمن ایجنڈے کے مقاصد چھپے ہوئے ہیں۔ پاکستان کو پہلے سے کہیں زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین شعبہ صوبائی تنظیم سازی اور مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ کے باہمی اشتراک سے اربعین حسینی پر ضلع چنیوٹ میں موکب لگانے والے عزاداروں کے اعزاز میں جامعہ بعثت رجوعہ سادات میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
جس میں جامعہ بعثت کی نمائندگی علامہ سید مہدی کاظمی پرنسپل جامعہ بعثت رجوعہ سادات، مجلس وحدت ضلع چنیوٹ کے ضلعی صدر سید عاشق حسین بخاری نے ضلع چنیوٹ، ذاکرین کی نمائندگی ذاکر اہل بیت فیاض حسین، وحدت یوتھ ڈویژن فیصل آباد کی نمائندگی فخر محمدی، مقامی امام بارگاہ کی انتظامیہ کے نمائندہ ملک نذیر عباس کے علاوہ صوبائی شعبہ تنظیم سازی کی نمائندگی صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی مظہر عباس جعفری نے کی۔
مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے اور صدارتی خطاب کیا۔