
ایرانی سفیر کا لاہور چیمبرآف کامرس کا دورہ،تاجروں سے ملاقات
ایران کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا، اور مختلف تاجروں، سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں سے ملاقات کی۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ انویسٹمنٹ فسیلٹیشن کونسل اور بارٹر ٹریڈ میکانزم امید افزا نتائج کے حامل اور اقتصادی ترقی کے امکانات کو اجاگر کر رہے ہیں۔ ایرانی سفیر نے تجارتی اخراجات میں کمی لانے اور ٹرانسپورٹیشن پر توجہ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین ایک ہزار کلومیٹر طویل بارڈر ہے، کوئی سرحدی تنازع نہ ہونے کے سبب یہ کم لاگت تجارت اور ٹرانسپورٹیشن میں بہت مددگار ہے۔ اس موقع پر انہوں نے لاہور چیمبر میں ایران ڈیسک کا بھی افتتاح کیا۔
ایرانی سفیر نے بتایا کہ اس وقت تین سرحدی مارکیٹیں کام کر رہی ہیں جبکہ تین مزید ڈویلپمنٹ کے مراحل میں ہیں، جس سے دو طرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ لاہور میں ایران کے قونصل جنرل مواحد فر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کاشف انور نے پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط ثقافتی اور تاریخی تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا اور ان تعلقات کو مضبوط اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں تبدیل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے لاہور چیمبر کی درخواستوں پر ایرانی سفارتکاروں کے بہترین ردعمل پر شکریہ ادا کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے مئی 2023 میں تہران ایکسپو میں لاہور سے تعلق رکھنے والے تاجروں کی فعال شرکت پر روشنی ڈالی اور تہران میں 2 تا 5 اکتوبر 2023 کو ہونیوالی آئندہ ایران پیکجنگ اینڈ پرنٹنگ ایکسپو میں مزید فعال شمولیت کی توقع ظاہر کی۔
کاشف انور نے دونوں ممالک کے درمیان نمائشی کیلنڈرز کا اشتراک کرنے پر زور دیا تاکہ پاکستان اور ایران کی جانب سے منعقد ہونیوالی بڑی نمائشوں میں زیادہ سے زیادہ کاروباری شرکت کر سکے۔
لاہور چیمبر کے صدر نے ایرانی سفیر کو لاہور چیمبر کے بتیس ہزار ممبران اور ایرانی تاجروں کے درمیان روابط قائم کرنے کیلئے کوششوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے ایران کی اہم درآمدات اور ڈیوٹی انفراسٹرکچر کے بارے میں تفصیلی معلومات کی ضرورت پر زور دیا۔ تجارت کے فروغ کیلئے انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط بینکنگ چینل باہمی مالیاتی اداروں کے قیام کی تجویز دی۔
انہوں نے سفیر کو لاہور چیمبر میں ایران ڈیسک کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور اس کا افتتاح کرنے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔