اسرائیل کے حوالے سے لچک کشمیر موقف کو کمزور کرنے کا باعث بنے گا: علامہ راجہ ناصر
شیعہ نیوز: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مخصوص سوشل میڈیا ایکٹوسٹ، این جی اوز اور لبرل دانشوروں کے ذریعے اس تاثر کو عام کیا جا رہا ہے کہ ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ اسرائیل کی غاصب ریاست کو تسلیم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رجیم چینج کا امریکی منصوبہ اپنےاصل اہداف کی طرف بڑھنا شروع ہو گیا ہے۔ نئی نسل کی ذہن سازی اور اسرائیل کو سازگار ماحول فراہم کرنا نہ صرف پاکستانی قوم کے ساتھ خیانت ہو گی بلکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات سے بھی صریحاً انحراف ہو گا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ صیہونی غاصب ریاست کے حوالے سے معمولی سی لچک کشمیر پر ہمارے موقف کو کمزور کرنے کا باعث بھی بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے فیصلے عوامی امنگوں اور زمینی حقائق کے مطابق ہونے چاہئیے نہ کہ کسی نام نہاد سپر پاور کے احکامات کے تابع۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عوام کسی ایسے فیصلے کو قطعاً تسلیم نہیں کریں گے جس سے لاکھوں بے گناہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے خون میں ہاتھ رنگنے والے غاصبوں کے ظلم کو تقویت ملے۔