امت مسلمہ کی تنزلی کا سب سے بڑا سبب رحمت اللعالمین ﷺ کی حقیقی تعلیمات سے دوری ہے: علامہ باقر زیدی
شیعہ نیوز: امت مسلمہ کی تنزلی کا سب سے بڑا سبب رحمت اللعالمین ﷺ کی حقیقی تعلیمات سے دوری ہے، مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے 12 تا 17 ربیع الاول تک ہفتہ وحدت و اخوت منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی صدر علامہ باقر عباس زیدی نے صوبائی دفتر وحدت ہاؤس میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ نے امت کو اخوت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا ہے، آج اسلام کے نام پر جو دہشتگردی کی جارہی ہے ہیں وہ دین اسلام کے روشن چہرے کو بدنما ظاہر کرنے کی مذموم کوشش ہے، جس کے پس پردہ صیہونی نصرانی ایجنڈا کار فرما ہے، اس سازش کو باہمی اتحاد و یگانگت سے شکست دینا ہوگی، علماء کی اعلیٰ بصیرت اور دانش مندانہ اقدامات سے عدم برداشت کے رجحان کا خاتمہ کرکے معاشرے میں امن و سکون قائم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام جبر و بربریت سے نہیں بلکہ اسوہ حسنہ سے پھیلا ہے، دنیا کے دیگر مذاہب حضور کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کو بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے اسلام کے نظام عدل و مساوات اور باہمی احترام پر عمل پیرا ہیں۔