فرخ حبیب کا پارٹی چھوڑنا تحریک انصاف کیلئے بڑا جھٹکا ہے
،
شیعہ نیوز:جیوکے پروگرام ”رپور ٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق کے سوال چیئرمین تحریک انصاف اور پی ٹی آئی کا 2024ء کے عام انتخابات میں مستقبل کیا؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ فرخ حبیب کا پارٹی چھوڑ جانا تحریک انصاف کیلئے بہت بڑا جھٹکا ہے، ریاست مبینہ طور پر جبری گمشدگی کو ہتھیار بنا کر پولیٹیکل انجینئرنگ کیلئے استعمال کررہی ہے، ارشاد بھٹی نے کہا کہ فرخ حبیب پی ٹی آئی کا اصل چہرہ اور حقیقی کارکن تھے، فرخ حبیب نو مئی کے بعد پی ٹی آئی کی باقی رہ جانے والی چند آواز وں میں سے ایک تھے، نو مئی کے بعد فرخ حبیب کے 24ٹوئٹس آئے جس میں وہ پارٹی کا دفاع کررہے تھے، فرخ حبیب کا پھر اچانک غائب ہوجانا اور پھر اچانک سامنے آکر پریس کانفرنس کرنا اور پارٹی چھوڑ جانا تحریک انصاف کیلئے بہت بڑا جھٹکا ہے، عثمان ڈار کے بعد فرخ حبیب کا چلے جانا تحریک انصاف کیلئے بڑا سیٹ بیک ہے۔سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ فرخ حبیب پی ٹی آئی کے بدتمیزی کے کلچر سے دور مگر قربانی دینے کیلئے فرنٹ فٹ پر ہوتے تھے۔